22 دسمبر 2016 - 12:29
پاک ایران سرحد پر باب پاکستان کا افتتاح

پاکستان اوراسلامی جمہوریہ ایران کی سرحد پر تعمیر ہونے والےبابِ پاکستان کا کل افتتاح ہو گیا۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض نے پاکستان اوراسلامی جمہوریہ ایران کی سرحد پر تفتان کے مقام پر تعمیر ہونے والے نئے گیٹ کا افتتاح کیا۔

پاکستانی گیٹ کی تعمیر سے تفتان میں بارڈر ٹرمینل کی تعمیر کا پہلا مرحلہ مکمل ہوگیا جس کا آغاز 16 جولائی 2016 میں ہوا تھا۔

باب پاکستان پر جدید سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں جبکہ متعلقہ دستاویزات کی تصدیق کے لیے نادرا کا سسٹم بھی نصب کیا گیا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ پروجیکٹ کا دوسرا مرحلہ بھی جلد شروع کردیا جائے گا جس میں ایران جانے والے زائرین و دیگر مسافروں کے لیے آرام گاہ اور تجارتی سرگرمیوں کا انتظام چلانے کے لیے این ایل سی یارڈ کی تعمیر شامل ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق یہ سرحدی راستہ ایران اور یورپ سے تجارت کے لیے استعمال ہونے والا قدیم ترین راستہ ہے جبکہ ہر سال ہزاروں ملکی و غیر ملکی مسافر اور زائرین جو براستہ سڑک ایران اور عراق ایران سے سفر کرتے ہیں، اسی راستے سے اسلامہ جمہوریہ پاکستان میں داخل ہوتے ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان کی ایران سمیت دیگر ممالک کے ساتھ 900 کلو میٹر طویل سرحد ہے جبکہ ان پڑوسی ممالک سے 2014 میں سیکیورٹی کے حوالے سے تعاون بڑھانے اور سرحد سے دہشت گردوں کے خاتمے کا فیصلہ ہوا تھا۔

ایران پہلے ہی اپنی حدود میں میر جاوا کے مقام پر گیٹ تعمیر کرچکا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔

/169